Virtues Of Visiting The Sick
[urdu]
عیادت کے فضائل
حدیث حضرت ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی، حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ”مسلمان جب اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کو گیاتو واپس ہونے تک ہمیشہ جنت کے پھل چننے میں (مصروف) رہا۔”
(”صحيح مسلم”، کتاب البر… إلخ، باب فضل عيادۃ المريض، الحديث: ۴۱۔( ص۱۳۸۹.)
حدیث حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی، حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ایک اعرابی کی عیادت کو تشریف لے گئے اور عادت کریمہ یہ تھی کہ جب کسی مریض کی عیادت کو تشریف لے جاتے تو یہ فرماتے:
لَا بَأسَ طُھُوْرٌ اِنْشَآءَ اللّٰہ تَعَالیٰ .
” کوئی حرج کی بات نہیں ان شاء اللہ تعالیٰ یہ مرض گناہوں سے پاک کرنے والا ہے۔”
(”صحيح البخاري”، کتاب المناقب، باب علامات النبوۃ في الإسلام، الحديث؛ ۳۶۱۶، ج۲، ص۵۰۵.)
حدیث امیرالمومنین حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی، کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں: ”جو مسلمان کسی مسلمان کی عیادت کے ليے صبح کو جائے تو شام تک اس کے ليے ستّر ہزار فرشتے استغفار کرتے ہیں اور شام کو جائے تو صبح تک ستّر ہزار فرشتے استغفار کرتے ہیں اور اس کے ليے جنت میں ایک باغ ہوگا۔”
(”جامع الترمذي”، أبواب الجنائز، باب ماجاء في عيادۃ المريض، الحديث: ۹۷۱، ج۲، ص۲۹۰. )
حدیث حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہیکہ حضور (صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم) فرماتے ہیں: ”جو اچھی طرح وضو کر کے بغرض ثواب اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کو جائے جہنم سے ساٹھ برس کی راہ دور کر دیا گا۔”
(”سنن أبي داود”، کتاب الجنائز، باب في فضل العيادۃ علی وضوء، الحديث: ۳۰۹۷، ج۳، ص۲۴۸.)
حدیث حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی، کہ حضور (صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم) فرماتے ہیں: ”جو شخص مریض کی عیادت کو جاتا ہے آسمان سے منادی ندا کرتا ہے، تُو اچھا ہے اور تیرا چلنا اچھا اور جنت کی ایک منزل کو تُو نے ٹھکانا بنایا۔”
(”سنن ابن ماجہ”، أبواب ماجاء في الجنائز، باب ماجاء في ثواب من عاد مريضا، الحدیث: ۱۴۴۳، ج۲، ص۱۹۲.)
[/urdu]
0 Responses on Virtues Of Visiting The Sick"