QTUTOR

Nafil [Chasht & Ishraq]

[urdu]

نماز اشراق کی فضیلت میں احادیث

حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جونَمازِ فجر با جماعت ادا کرکے ذکرُاللہ کرتا رہے یہاں تک کہ آفتاب بُلند ہوجاۓ پھر دو رکعتیں پڑھے تو اسے پورے حج و عمرہ کاثواب ملیگا۔ (سُنَنُ التِّرْمِذِیّ،ج۲،ص۱۰۰حدیث۵۸۶)

حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا جو شخص نمازِ فجر سے فارغ ہونے کے بعد اپنے مُصلّے پر( یعنی جہاں نماز پڑھی ہو) بیٹھا رہا حتّٰی کہ اِشراق کے نفل پڑھ لے صرف خیر ہی بولے تو اُس کے گناہ بخش دیئے جائیں گے اگر چِہ سمندر کے جھاگ سے بھی زیادہ ہوں۔ (سُنَنُ اَ بِی دَاو،د ج۲ص۴۱حديث ۱۲۸۷ )

حدیثِ پاک کے اس حصّے ” اپنے مصلّے پر بیٹھا رہے” کی وضاحت کرتے ہو ئے حضرت علامہ ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: یعنی مسجد یا گھر میں اِس حال میں رہے کہ ذِکر یا غوروفکرکرنے یا علمِ دین سیکھنے سکھانے یا بیتُ اللہ کے طواف میں مشغول رہے ” صرف خیر ہی بولے” کے بارے میں فرماتے ہیں:” یعنی فجر اور اشراق کے درمیان خیر یعنی بھلائی کے سوا کوئی گفتگو نہ کرے کیونکہ یہ وہ بات ہے جس پر ثواب مرتَّب ہوتا ہے۔ (مرقاۃج۳ ص۳۹۶ تحت الحدیث۱۳۱۷)

نمازاشراق کا وقت

سورَج طُلُوع ہونے کے کم از کم بیس یا پچیس مِنَٹ بعد سے لے کر زوال تک نَمازِ اِشراق کا وَقت رہتا ہے۔

نمازِ چاشت کی فضیلت

حضرتِ سیِّدُنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضورصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا:” جو چاشت کی دو رکعتیں پابندی سے اداکرتارہے اس کے گناہ معاف کردیے جاتے ہیں اگر چہ سمند رکی جھاگ کے برابر ہوں۔ ” (سُنَن ابن ماجہ،ج۲ص۱۵۳،۱۵۴حدیث۱۳۸۲)
مسلم شریف میں ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ عليہ وسلم فرماتے ہیں: آدمی پر اس کے ہر جوڑ کے بدلے صدقہ ہے (اور کل تین سو ساٹھ جوڑ ہیں) ہر تسبیح صدقہ ہے اور ہر حمد صدقہ ہے اور لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ کہنا صدقہ ہے اور اَللہُ اَکْبَرْ کہنا صدقہ ہے اور اچھی بات کا حکم کرنا صدقہ ہے اور بری بات سے منع کرنا صدقہ ہے اور ان سب کی طرف سے دو رکعتیں چاشت کی کفایت کرتی ہیں۔ طبرانی شریف میں حضرت ابو درداء رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہیکہ حضور صلی اللہ تعالیٰ عليہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے دو رکعتیں چاشت کی پڑھیں غافلین میں نہیں لکھا جائے گا اور جو چار پڑھے عابدین میں لکھا جائے گا اور جو چھ پڑھے اس دن اُس کی کفایت کی گئی اور جو آٹھ پڑھے اللہ تعالیٰ اسے قانتین میں لکھے گا اور جو بارہ پڑھے اللہ تعالیٰ اُس کے ليے جنت میں ایک محل بنائے گا ۔

نمازچاشت کی رکعات

کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ چاشت کی بارہ رکعتیں ہیں اور افضل بارہ ہیں کہ حدیث میں ہے، جس نے چاشت کی بارہ رکعتیں پڑھیں، ”اللہ تعالیٰ اس کے ليے جنت میں سونے کا محل بنائے گا۔”

نمازچاشت کاوقت

اس کاوَقت آفتاب بلندہونے سے لیکر زَوال تک ہے۔ نمازِ اِشراق کے فوراً بعد بھی چاہیں تو نمازِ چاشت پڑھ سکتے ہیں ۔
[/urdu]

1 Responses on Nafil [Chasht & Ishraq]"

  1. Abdullah says:

    Masha Allah very informative Ahadith. May Allah give us power to act upon the teachings of Holy prophet peace be upon Him.You people are doing good work, increasing our knowledge, may Allah give you the best reward.Ameen

Leave a Message

Your email address will not be published. Required fields are marked *

QTUTOR
online support software