Love of Holy Prophet Muhammad pbuh
Love of Holy Prophet PBUH
[urdu]
الحمد للّٰہ رب العالمین والصلٰوۃ والسلام علٰی اشرف الانبیاء و المرسلین۔اما بعد
فاعوذ باللّٰہ من الشیطن الرجیم * بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمد (ﷺ)کی محبت دین حق کی شرط اول ہے
اسی میں ہو گر خامی تو سب کچھ نا مکمل ہے
رسول اللہ ﷺ اس کائنات کی سب سے عظیم ترین ہستی ہیں۔آپ ﷺ کی محبت ہی ایمان کی اصل ہے آپ ﷺ نے فرمایا تم ہر گز کامل مومن نہیں ہوسکتے جب تک میں (ﷺ) تمہیں تمہاری اولاد ،والدین اور دنیا کے تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جا ؤں۔اس حدیث مبارکہ سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہوگئی کہ آپ ﷺ کی محبت ایمان کی تکمیل کی سند ہے۔
اللہ کی سرتابہ قدم شان ہیں یہ
ان سا نہیں انسان وہ انسان ہیں یہ
قرآن تو ایمان بتاتا ہے انہیں
ایمان یہ کہتا ہے میری جان ہیں یہ
اللہ سبحانہ و تعالٰی کا بھی فرمان ہے:
لَا تَجِدُ قَوْمًا يُّؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ وَالْيَوْمِ الْاٰخِرِ يُوَادُّوْنَ مَنْ حَادَّ اللّٰهَ وَرَسُوْلَهٗ وَلَوْ كَانُوْٓا اٰبَاءَهُمْ اَوْ اَبْنَاءَهُمْ اَوْ اِخْوَانَهُمْ اَوْ عَشِيْرَتَهُمْ اُولٰئِكَ كَتَبَ فِیۡ قُلُوْبِهِمُ الْاِيْمَانَ وَاَيَّدَهُمْ بِرُوْحٍ مِّنْهُ وَيُدْخِلُهُمْ جَنّٰتٍ تَجْرِيْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِيْنَ فِيْهَا رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَرَضُوْا عَنْهُ اُولٰئِكَ حِزْبُ اللّٰهِ اَلَآ اِنَّ حِزْبَ اللّٰهِ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ
تم کبھی یہ نہ پاؤ گے کہ جو لوگ اللہ اور آخرت پر ایمان رکھنے والے ہیں وہ اُن لوگوں سے محبت کرتے ہوں جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی مخالفت کی ہے ، خواہ وہ ان کے باپ ہوں ، یا اُن کے بیٹے ، یا اُن کے بھائی یا ان کے اہلِ خاندان ۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان ثبت کر دیا ہے اور اپنی طرف سے ایک رُوح عطا کر کے اُن کو قوت بخشی ہے۔ وہ اُن کو ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ اِن میں وہ ہمشہ رہیں گے۔ اللہ اُن سے راضی ہوا ، اور وہ اللہ سے راضی ہوئے۔ وہ اللہ کےگروہ کے لوگ ہیں ۔ خبردار ر ہو اللہ کےگروہ والے ہی فلاح پانے والے ہیں ۔(سورۃ المجادلۃ :22)
سبحان اللہ!کتنی ہی پیاری آیت مباکہ ہے کہ ایمان والے کبھی بھی اللہ و رسول ﷺ سے بغض رکھنے والوں سے رشتہ مودت و اخوت نہیں رکھتے حالانکہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات ہیں کہ قطع تعلق کرنے والا جنت میں داخل نہیں ہوگا لیکن اس آیت مبارکہ واضح ارشاد فرمادیا گیا کہ رسول اللہ ﷺ سے بغض رکھنے والےسے تمھاراکتنا ہی قریبی و خونی رشتہ کیوں نہ ہو تم نے اس سے رشتٔہ قرابت و محبت ہر گز نہیں رکھنا بلکہ اس خونی و قریبی رشتہ کو رسول اللہ کی محبت پر قربان کردینا ہے.حضرت ابوعبیدہ بن جراح نے جنگِ اُحد میں اپنے باپ جراح کو قتل کیا اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے روزِ بدر اپنے بیٹے عبدالرحمن کو مبارزت کےلئے طلب کیا لیکن رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے انہیں اس جنگ کی اجازت نہ دی اور معصب بن عمیر نے اپنے بھائی عبداللہ بن عمیر کو قتل کیا اور حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اپنے ماموں عاص بن ہشام بن مغیرہ کو روزِ بدر قتل کیا اور حضرت علی بن ابی طالب و حمزہ و ابوعبیدہ نے ربیعہ کے بیٹوں عتبہ اور شیبہ کو اور ولید بن عتبہ کو بدر میں قتل کیا جوان کے رشتہ دار تھے ، خدا اور رسول پر ایمان لانے والوں کو قرابت اور رشتہ داری کا کیا پاس ۔ آپ ﷺ کی ذات مبارکہ کو صرف تمام رشتوں پر ہی نہیں بلکہ اپنی ذات پربھی فوقیت دینی ہے۔
آپ ﷺ سے ایسا ہی والہانہ عشق و محبت کرنے والوں کے متعلق فرمایا کہ یہی وہ لوگ ہیں جنکے دلوں میں ایمان کو ثابت کردیا گیا ہے اوراللہ سبحانہ و تعالٰی نے اپنی طرف سے ایک رُوح عطا کر کے اُن کو قوت بخشی ہے۔یہ تو دنیا میں اعزاز ہو گیا اب انکی آخرت کیسی ہوگی؟ تو فرمایا ” وہ اُن کو ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ اِن میں وہ ہمشہ رہیں گے۔”سبحان اللہ جنت عاشقانِ رسول ﷺ کاابدی ٹھکانا ہوگی۔یہ تمام نعمتیں یقیناً اپنی جگہ بہت ہی عظمت والی ہیں لیکن ایک نعمت ایسی بھی ہے جو ان تمام نعمتوں سے افضل و اعلٰی ہےاور جس کو پانا ہی مومن کی پوری زندگی کی ریاضت و مجاہدات کا مقصود ہوتا ہے وہ نعمتِ عظمٰی اللہ رب العزت کی رضا ہے۔سبحان اللہ کیا شان ہے ان عاشقان رسول ﷺ کی کہ اللہ جل جلالہ فرما رہا ہے: ” اللہ اُن سے راضی ہوا ، اور وہ اللہ سے راضی ہوئے۔”اسی پر اکتفا نہ فرمایا بلکہ اللہ عزوجل نے سرکار ﷺ سے والہانہ عشق کی بدولت انہیں اپنا گروہ بنالیا اور فرمادیا کہ اللہ کا گروہ ہی حقیقی کامیابی حاصل کرنے والا ہے۔
اللہ کریم ہم سب کو اپنے محبوب ﷺ سے والہانہ عشق و محبت کرنے والا اور آپ ﷺ کی سنتوں پر مضبوطی سے عمل کرنے والا بنائے۔آمین
[/urdu]
Masha Allah very beautiful article.
SUBHANALLAH
ماشاء اللہ بہت ہی مختصر اور اچھا آرٹیکل ہے
Mashallah best article for Muslim read and follow it.